آبائی گاؤں میں لڑکیوں کے پرائمری سکول کو ضروری سہولیات سے مزین کیا جائے گا: کونسلر راجہ قربان
شفیلڈ ... عالیشان گاڑیاں ، گھر اور کوٹھیاں کھڑی کر کے ہم نے اپنے محنتی ہونے کا ثبوت تو پیش کر دیا لیکن ہمارے گاؤں کی وہ درس گاہ جس میں ہمارے پڑوس کے بچے ابتدائی تعلیم حاصل کرتے ہیں میں اگر بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے تو ہم نے اپنی وطن کی مٹی کا قرض ادا کرنے میں غفلت کر دی ، یہی سوچ ذہن میں آتے ہی میں نے اپنے آبائی گاؤں میں لڑکیوں کے پرائمری سکول کو ضروری سہولیات سے مزین کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ ان خیالات کا اظہار شفیلڈ کے سابق لارڈ میئر کونسلر راجہ قربان حسین نے گرلز سکول چھوچھ ، آزاد کشمیر کی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کی بچیاں اور مستقبل کی مائیں اگر خود تعلیم یافتہ نہ ہوں گی تو وہ اپنی اولادوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے میں وہ اس قدر موثر نہ ہوں گی جس طرح ایک پڑھی لکھی خاتون اور ماں کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی میں دنیاوی ترقی کا راز پنہاں ہے اور اپنی مستقبل کی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا بلا شبہ حکومت کا فرض ہے تا ہم اس ذمہ داری کی ادائیگی میں ہمیں بھی بحیثیت قوم اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ کونسلر مرزا محمد معروف نے اس موقع پر نظامت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ اس فنڈ ریزنگ تقریب کا اہتمام کونسلر راجہ قربان حسین نے اپنے آبائی گاؤں چھوچھ آزاد کشمیر میں لڑکیوں کے پرائمری سکول میں بنیادی سہولتوں کے فقدان کے پیش نظر کیا ۔ بلال حسن کی تلاوت قرآن سے شروع ہونے والی اس تقریب سے حاجی محمد نذیر او بی ای ، راجہ پرویز خان ، راجہ جاوید خان، شیز اقبال ، آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) شفیلڈ برانچ کے صدر راجہ نزاکت حسین ، الخیر فاؤنڈیشن کی سائرہ بی بی ، ڈسٹرکٹ لیبر پارٹی کے چیئر مین ٹیری فاکس ، ظفر خان ایڈووکیٹ اور نیدر ایج وارڈ سے لیبر پارٹی کی امیدوار نسیمہ اختر نے اپنے خطاب میں راجہ قربان حسین کی کاشوں کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔