کونسلر یاسمین طور نے کمیونٹی کی بھرپور نمائندگی کی ہے انہیں دوبارہ کامیاب کرایئں گے: کمیونٹی رہنما
اولڈہم...برطانیہ بھرمیں مئی میں ہونیوالے لوکل کونسل کے الیکشن کےلئے سرگرمیاں زوروشور سے جاری ہیں . اولڈہم کونسل کی میڈلاک ویل میں جہاں سے پہلی ایشیائی خاتون یاسمین طور کونسلر منتخب ہوئی تھیں اب دوبارہ انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ معروف سیاسی وسماجی شخصیت چوہدری عبدالرزاق قادری کی رہائش گاہ پر وارڈ کے معتبر اور حلقہ انتخاب میں بااثر شخصیات نے شرکت کی۔اس میٹنگ میں موجود تمام افراد نے متفقہ طور پر کہا کہ سیاست میں رواداری اولین ترجیح ہے اور جمہوریت کا حسن ہے کہ ہر شخص کو الیکشن میں حصہ لینے کا حق ہے لیکن جمہوریت اس بات کی متقاضی ہے کہ برادری ازم، علاقہ پرستی اور شخصیت کے عناصر کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اصول پرستی، ذہانت اور عوامی خدمت سے سرشار جذبے کو اہمیت دینی چاہیے تاکہ ہم ایک صحتمند معاشرے کی بنیاد رکھ سکیں جس سے ہماری آنیوالی نسلیں مستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ کونسلر یاسمین طور نے کمیونٹی کی بھرپور نمائندگی کی ہے اور خاص کر خواتین کی نمائندگی وہ احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہیں، اسلام میں عورت کا مقام بہت پاکیزہ ہے اور بچوں کی اولین درسگاہ ماں کی گود ہے ہم لیبرپارٹی کی حمایت جاری رکھتے ہوئے ان کو کامیاب کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔اس میٹنگ میں چوہدری شاہد جٹ، اشفاق موٹو، چوہدری اشتیاق، چوہدری شاہد محمود، چوہدری ناصر، چوہدری محمود، چوہدری محمد نواز گجراتی، چیئرمین چوہدری مظہر اقبال، چوہدری اخلاق، چوہدری ریاض، چوہدری خالد آگ گجرات، چوہدری محبوب رزاق، چوہدری اکرام رزاق، چوہدری عمران سہانی، چوہدری عبدالرزاق قادری کے علاوہ اولڈہم کی ہردلعزیز شخصیت چوہدری اظہر نوید اور کونسلر عتیق الرحمن نے شرکت کی۔ (رپورٹ و تصاویر: فیاض بشیر)