وزیر اعظم پاکستان کا دورہ برطانیہ بہت اہمیت کا حامل ہے ۔یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس
لندن ... یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وفد کوسرکاری دورہ برطانیہ آمد پرخوش آمدید کہا گیا ہے ۔ صدر یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبد المجید شاہین نے جاری کردہ بیان میں امید ظاہر کی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے وزیر اعظم کا یہ دورہ مثبت ثابت ہوگا۔عبدالمجید شاہین نے کہا کہ اس اہم دورے سے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ اوورسیز کو بھی بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم پاکستان پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈائریکٹرسہیل سراج نے بھی وزیر اعظم پاکستان کے دورہ کو اہم قرار دے دیا اور کہا کہ اس دورہ سے پاکستان اور برطانیہ کو درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور پاکستان میں سرمایہ کاری اورمعیشت کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے یہ دورہ اچھی خبریں لے کر آئے گا۔