کاروباری طبقے کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور اتحاد و اتفاق کا ہونا اشد ضروری ہے : چوہدری اعجاز بسرا
مانچسٹر...برطانیہ میں چھوٹے پیمانے پر کاروباری حضرات کیلئے موجودہ حکومت کی پالیسی انکی ترقی اور خوشحالی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے،برطانیہ کے کاروباری حضرات کو ہول سیلز اور منافع کی مد میں اور اس کے علاوہ ملازمین کا بھی ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے جبکہ بیرونی بڑی تجارتی کمپنیوں کو فارن انوسٹمنٹ کا نام دے کر ٹیکس کے ساتھ وی اے ٹی سے بھی چھوٹ دے دی جاتی ہے اس وجہ سے برطانیہ کے متوسط اور چھوٹے کاروباری حضرات کو حکومت کی عدم توجہی اور دوہرے معیار کی وجہ سے شدید نقصان پہنچ رہا ہے،ان خیالات کا اظہار نارتھ ویسٹ ویئر ہائوس ہول سیلز ایسوسی ایشن کے رہنما چوہدری محمد اعجاز بسرا نے کشمیر لنک لندن سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام کاروباری طبقے خصوصاً ایشیائی حضرات کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے اور اپنے مسائل بارے متعلقہ حکام بالا سے رابطہ کر کے آگاہ کرنا چاہئے،انہوں نے کہا کہ مقامی ممبرز آف پارلیمنٹ لوکل کونسلرز حضرات سے بھی رابطہ کر کے تمام صورتحال بارے بات چیت کرنی چاہئے اس کیلئے تمام کاروباری طبقے کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور اتحاد و اتفاق کا ہونا اشد ضروری ہے آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم تب ہی جی ایس پی پلس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں جب ہمارے اندرونی مسائل کو حل کیا جائے ۔