برمنگھم میں میلاد النبی کا تاریخ ساز جلوس، سیاسی و سماجی زعما کی پیر علائوالدین صدیقی سے ملاقات
برمنگھم... مڈلینڈز میں تاریخ برطانیہ کے سب سے بڑے جلوس میلاد النبی کی تیاریوں کے سلسلے میں برمنگھم کے سیاسی و سماجی زعما نے پیر علائوالدین صدیقی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقامی ممبر برٹش پارلیمنٹ شبانہ محمود، سابق لارڈ میئر چوہدری رشید، نامزد لارڈ میئر کونسلر شفیق شاہ، کونسلر عنصر علی، کونسلر مریم خان و دیگر شامل تھے۔جبکہ بعد میں پیری بار سے منتخب ممبر پارلیمنٹ مرزا خالد محمود نے بھی پیر علائوالدین صدیقی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیر علائوالدین صدیقی نے عوامی نمائیندوں کو بتایا کہ انکے مریدین و عاشقان رسول نے گزشتہ سال ایسا جلوس نکال کر ریکارڈ قائم کیا اور اس سال اس سے بڑا اور زیادہ منظم جلوس نکال کر نئی تاریخ رقم کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ ایسے جلوس اور تقریبات جہاں نبی پاک سے محبت اور عقیدت کو دوبالا کرتی ہیں وہیں دیگر اقوام اور مزاہب کو پیغام دیتی ہیں کہ مسلمان ناصرف پرامن اور منظم طاقت ہیں بلکہ اپنے عقائد سے مکمل طور پر جڑے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر مختلف امور بھی زیر غور آئے۔ واضع رہے کہ میلاد النبی کا یہ جلوس اتوار ٢٠ اپریل کو منعقد ہوگا۔