تحفظ پا کستان آر ڈیننس شرعی و انسانی حقوق کے خلاف ،جے یو آئی مخالفت کرتی رہے گی: مولانافضل الرحمن
ایڈنبرا ... جمعیت علما ءاسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت آنکھیں بند کر کے فیصلے کر رہی ہے اور وطن عزیز میں وہ قوانین لارہی ہے جو مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے نافذ کیئے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت میں بھی شک کی بنیاد پر گرفتار ی انسانی حقوق کے خلاف ورزی ہے تو یہاں کس طرح جائز ہے تحفظ پا کستان آر ڈی نینس شرعی اور انسانی حقوق کے خلاف ہے جے یو آئی اس بل کی مخالفت کرتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ برطانیہ کے سلسلے میں سکاٹ لینڈ پہنچنے کے بعد جماعتی ساتھیوں سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ کشمیر کمیٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا جمیعت علما اسلام انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ہمیشی آواز بلند کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی، ایسے تمام قوانین کے خلاف جے یو آئی آواز بلند کرے گی اور ایسے کالے قوانین کو عوام قبول نہیں کریں گے۔مولانافضل الرحمن نے کہا کہ ہر ادارے کو آئین کی حدود میں رہنا چا ہیے اور تصادم پا لیسی سے دور رہنا چاہیے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی حکومت اور فوج کے درمیان تصادم کی حامی نہیں۔ سکاٹ لینڈ کے دورے میں حافظ اکرام اور مفتی اسلم بھی انکے ہمراہ ہیں۔ (رپورٹ و تصاویر:نمایئندہ خصوصی)