دو سال میں دو ملین غریب بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کا بندوبست کیا جائے گا: گورنر پنجاب
گلاسگو... وطن عزیز پاکستان نے ہمیں وہ پہچان اور عزت دی جو ہر قوم کے فرد اور ہر ملک کے باشندے کو میسر نہیں، ایسے میں ہم پر لازم ہے کہ ہم وطن میں رہنے والوں ان پسے ہوئے طبقات کا سوچیں جو اندگی کی بنیادی نعمتوں سے بھی محروم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وطن روانگی سے قبل یوکئیر نامی تنظیم کی ایک تقریب میں کیا انہوں نے کہا پاکستان میں تعلیم کے فروغ سے نہ صرف شدت پسندی میں کمی آئے گی بلکہ لاکھوں بچوں اور خاندانوں کا مستقبل محفوظ ہوجائے گا۔ ۔چوہدری سرور نے کہا انہوں نے سابق برطانوی وزیر اعظم گورڈن برائون سے اس سلسلے میں ملاقات کی اور ان سے پاکستان میں 7 ملین ایسے بچوں کے متعلق تبادلہ خیالات کیا جو غربت کی وجہ سے سکولوں کا منہ بھی نہیں دیکھ سکے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ انکی کوششوں کے باعث گورڈن براؤن اس مہینے کے آخر میں پاکستان آرہے ہیں، جہاں وہ گلوبل کانفرنس کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔
وہ حکومت پاکستان سے ایک ایسے تعلیمی پروگرام پر بات کریں گے جس سے آئندہ دو سال میں دو ملین غریب بچوں کو سکولوں میں داخلہ کرانے کا بندوبست کیا جائے اور اس مقصد کیلئے اقوام متحدہ 5 سو ملین ڈالر کی امداد دینے کیلئے تیار ہے۔