کوئٹہ...کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق وفاقی اور صوبائی وزراء داخلہ کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں جبکہ سابق صدر پرویز مشرف کے دو ضامنوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ون میں سماعت کے موقع پر سابق وفاقی وزیر داخلہ اور رکن قومی اسمبلی آفتاب شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی پیش ہوئے۔عدالت نے دونوں کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں ، عدالت نے نامزد ملزم سابق صدر پرویز مشرف کے عدالت سے مسلسل غیرحاضر رہنے پر ان کے دو ضامنوں نذیر احمد اور ممتاز کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کو پیش کیا جائے ، مقدمے کی سماعت سات اپریل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب شیرپائو نے کہا کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ پہلے بھی عدالتی احکامات پر پیش ہوتے رہے ہیں اور آئندہ بھی پیش ہوں گے۔